پاکستان میں زلزلے کے جھٹکے، 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان کے متعدد شہروں میں زلزلے کے جھٹکے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی 7 میں زلزلے کے دوران ایک شخص دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق۔ متاثرہ شخص کو اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال لایا گیا جہاں وہ انتقال کرگیا۔ لوئر دیر کے علاقے ڈھیری میں زلزلے سے مکان کی دیوار گرگئی، مکان کی دیوار تلے دب کر خاتون جاں بحق ہوگئی۔ صوابی میں چھت گرنے سے خاتون سمیت 5 افراد زخمی، گوجر خان میں دیوار گرنے سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔ راولپنڈی اور دیگر شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث متعدد عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ادارے اور رضاکاروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں زلزلے کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے۔ جن کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کالام میں زلزلے کے دوران لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے بعد کالام سے بحرین جانے والے روڈ بند ہوگیا۔