مالا کنڈ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، ٹی ٹی پی کے 2 مطلوب افراد گرفتار، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

پشاور (انتخاب نیوز) محکمہ انسداد تخریب کاری مالاکنڈ ریجن نے کارروائی کرتے ہوئے 2 انتہائی مطلوب تخریب کاروں کو گرفتار کرلیا، دونوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے، گرفتار افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ محکمہ انسداد تخریب کاری مالا کنڈ ریجن کو مصدقہ ذرائع سے اطلاعات ملیں کہ تخریب کار کسی بڑی تخریبی کارروائی کی غرض سے علاقہ دوبندو تھانہ دیر کے ایک رہائشی مکان میں موجود ہیں۔ خفیہ اطلاع کے بعد سی ٹی ڈی کی ٹیم نے بھرپور آپریشن کرکے دو تخریب کاروں کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت محمد الیاس عرف حمزہ خراسانی ولد زمان خان سکنہ دوبند دیر بالا اور ابراہیم ولد محمد خان سکنہ دوبندو دیر بالا کے نام سے ہوئی۔ دونوں تخریب کاروں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے بتایا گیا ہے۔ گرفتار افراد کے قبضے سے ایک کلاشنکوف مع دو میگزین، 7.62 بور 60 راﺅنڈ، ایک بنڈولئیر اور ایک ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوا۔ گرفتار افراد کی نشاندہی پر گھر میں موجود ٹین کے صندوق سے 7.62 بور کے 59 راﺅنڈ، 6 کلوگرام سے زائد بارودی مواد، سیفٹی فیوز، پرائما کارڈ، ایک عدد ریموٹ، آئی ای ڈی میں استعمال ہونے والی ایک الیکٹرانک ڈیوائس، 13 ڈیٹونیٹر اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔ برآمد شدہ ہینڈ گرنیڈ کو بم ڈسپوزل یونٹ نے محفوظ مقام پر لے جاکر ناکارہ بنادیا۔ گرفتار افراد کیخلاف تھانہ سی ٹی ڈی ملاکنڈ ریجن میں 4/5ESA-15AA-7ATA کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ گرفتار افراد سے تفتیش کی جارہی ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں