تخریب کار دھماکا خیز مواد کے ساتھ لاہور پہنچ چکے، شہریوں کے تحفظ کی کوشش کررہے ہیں، پنجاب حکومت
لاہور (انتخاب نیوز) مینار پاکستان لاہور میں تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ پنجاب حکومت نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ تخریب کار دھماکا خیز مواد کے ساتھ لاہور پہنچ چکے ہیں، جو سیاسی جلسے یاجلوس کی سیکورٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ مینار پاکستان پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خطاب کیلئے بلٹ پروف کنٹینر کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا کہ رکاوٹیں کھڑی کرکے لوگوں کو جلسے میں جانے سے نہیں روکا گیا بلکہ قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے شہریوں کو تحفظ دینے کیلئے چیکنگ کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے کارکنوں کو جلسے میں شمولیت سے نہیں روکا جارہا، حکومت نے پی ٹی آئی کو جلسہ کرنےکی اجازت دے رکھی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے مینار پاکستان جلسے کے موقع پر جلسہ گاہ جانے والے راستے بند کردیے گئے ہیں۔ مینار پاکستان گراﺅنڈ جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔ راوی پل اور ریلوے اسٹیشن سے مینار پاکستان جانے والے راستے بند ہیں، جبکہ شاہ عالم مارکیٹ میں بھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کے راستے بند ہیں، شاہدرہ، راوی ٹول پلازہ، بتی چوک سے مینار پاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے جبکہ نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دو موریہ پل کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ انچارج میٹرو بس کے مطابق جلسے کے باعث میٹروبس کا روٹ مختصر کیا گیا ہے اور میٹروبس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی جارہی ہے۔


