بحیرہ روم میں تیل کی تلاش، ترکی اور یونان کے مابین مسلح تصادم کا خدشہ

ترکی : امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ، ترکی بحیرہ روم میں تیل اور قدرتی گیس کی تلاش کے لئے کھدائی کا منصوبہ بنا رہا ہے، جس پر یونان نے، جو اس علاقے پر ملکیت کا دعویٰ رکھتا ہے، سخت احتجاج کیا ہے۔ تجزیہ کار اس بات پر انتباہ کر رہے ہیں کہ یہ معاملہ دونوں ملکوں کے درمیان، جو نیٹو کے اتحادی بھی ہیں، محاذ آرائی کا سبب بن سکتا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ترکی بحیرہ روم کے ان علاقوں میں جنھیں یونان اپنا خیال کرتا ہے، تیل اور گیس کی تلاش کے اپنے منصوبوں کو وسعت دینا چاہتا ہے۔تجزیہ کار اس جانب توجہ دلاتے ہیں کہ یہ سفارتی کشیدگی ایک ایسے وقت میں دیکھنے میں آرہی ہے جب یونان پہلے ہی مشکلات میں گھرا ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے یونان کی سیاحت کی صنعت اپنے آپ کو سنبھالنے کی جدوجہد کررہی ہے اور حکومت اس کی بحالی کے لئے سرتوڑ کوشش میں مصروف ہے۔دوسری جانب، وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ترکی کے صدر اردوان نے اس اہم علاقے میں ترکی کے مفادات کے اعادہ کا عزم کررکھا ہے۔ یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں مشرقی بحیرہ روم میں قدرتی گیس کے خاصے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں