فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث وفاقی ترقیاتی منصوبے 20 سال میں بھی مکمل نہیں ہوں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلو چستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کی اسکیمیں تو شامل کرلی جاتی ہیں لیکن فنڈز نہیں دیے جاتے، بلوچستان اس ملک کا مستقبل ہے، جسے نظر انداز کرنے سے نقصان ہو گا،ہر آئینی اور سیاسی فورم پر بلوچستان کے حق کے لئے آواز بلند کرینگے، اگر اسی رفتار سے وفاقی منصوبے چلیں گے تو یہ اگلے 20 سال میں بھی مکمل نہیں ہونگے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو پی ایس ڈی پی 2022-23کے پیش رفت کا جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں آئندہ مالی کے ترقیاتی پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ اور صوبے میں جاری وفاقی منصوبوں کی سست روی اور فنڈز کے عدم اجراءپر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ،اجلاس کو حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہر سہ ماہی میں ان منصوبوں کے لئے 26 ارب کا اجراءہونا تھا ان منصوبوں کے لئے 76 ارب جاری ہونے چاہئے تھے اب تک وفاقی حکومت کی جانب سے صر ف 31 ارب روپے کا اجراءکیا گیا ہے۔حکومت بلوچستان نے وفاقی حکومت کی عدم توجہ پر شدید احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کی اسکیمیں تو شامل کر لی جاتی ہیں لیکن فنڈز نہیں دئے جاتے،صوبے کے عوام سمجھتے ہیں کہ یہ فنڈز بد عنوانی کی نظر ہو رہے ہیں جبکہ فنڈز ہوتے ہی نہیں ہیںمنصوبہ بندی و ترقیات اور خزانہ کے وزراءنے اسلام آباد میں وفاقی وزراءاحسن اقبال اور اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی بارہا یقین دہانیوں پر اب تک عملدرآمد نہیں ہواصوبے کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لئے ہر آئینی و قانونی طریقہ کار اپنائیں گے کمزوری اور مروت دکھانے سے وفاق سے کچھ نہیں ملے گا اگر اسی رفتار سے وفاقی منصوبے چلیں گے تو یہ اگلے 20 سال میں بھی مکمل نہیں ہونگے۔انہوں نے کہاکہ وفاق بلوچستان کی ترقی سے متعلق اپنے رویے اورپالیسیوں کا از سر نو جائزہ لے بلوچستان اس ملک کا مستقبل ہے جسے نظر انداز کرنے سے نقصان ہو گاہر آئینی اور سیاسی فورم پر بلوچستان کے حق کے لئے پرزور آواز بلند کرینگے۔اجلاس کو اے سی ایس منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بجٹ کلینڈر کے مطابق آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پرگرام کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو مالی صورتحال اور ترقیاتی فنڈز کے اجراءپر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے ترقیاتی فنڈز کے اجراءمیں مزید تیزی لانے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ جو اعلان کئے جاتے ہیں ان پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے۔ویڈیو لنک اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے بھی شرکت کی ۔