بلوں کی عدم ادائیگی، خاران اور جعفر آباد میں واٹر سپلائی اسکیموں کی بجلی منقطع، پانی کی قلت
خاران، جعفر آباد :کیسکو خاران نے عدم ادائیگی کی بنا پر شہر کے کئی واٹر سپلائی اسکیمات کی بجلی منقطع کردی۔ شہر میں پانی کے قلت میں اضافہ ہوگیا۔ جبکہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجیئنرنگ کے ناقص انتظام کی وجہ سے ماہ صیام کے دوران لوگوں کو پانی کی عدم فراہمی سے مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ ٹینکر مافیا نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو لوٹنا شروع کردیا۔ اس سلسلے میں عوامی حلقوں کی جانب سے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے حکام بالا فوری مسئلے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ڈیرہ اللہ یار میں کیسکو نے ایک بار پھر پی ایچ ای کی بجلی کاٹ دی، بجلی منقطع ہونے سے واٹر سپلائی اسکیم بند ہوگئی، شہر بھر میں پانی کی سپلائی معطل ہے۔ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جعفرآباد کی جانب سے بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں حسب معمول تاخیری حربے استعمال کیے جانے لگے۔ بلوں کی ادائیگی میں تاخیر اور واجبات بڑھ جانے کے باعث کیسکو نے تیسری بار پی ایچ ای کے تمام بجلی کنکشنز کاٹ دیئے۔ بجلی منقطع ہونے سے واٹرسپلائی اسکیم بند ہوگئی اور شہر بھر میں پینے کے پانی کی سپلائی معطل ہے، ماہ صیام میں پینے کے پانی کی عدم فراہمی سے شہری شدید پریشان ہیں۔ صبح اور شام کے اوقات کار میں شہری واٹر سپلائی کے تالاب سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں، کیسکو سب ڈویژن ڈیرہ اللہ یار کے حکام نے بتایا کہ پی ایچ ای کی جانب بجلی کے بلوں کے مد میں چار کروڑ روپے سے زائد رقم واجبات ہیں اور ماہانہ بل بھی ادا نہیں کیے جا رہے، بارہا نوٹسز کے باوجود پی ایچ ای حکام واجبات اور بلوں کی ادائیگی میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے، قبل ازیں بھی کیسکو نے دو بار پی ایچ ای کی بجلی منقطع کی تھی تاہم ڈپٹی کمشنر جعفرآباد نجیب اللہ ترین کی مداخلت پر بجلی بحال کی گئی تو پی ایچ ای نے واجبات کے مد میں چالیس لاکھ روپے ادا کیے تھے۔