کوئی ادارہ آئین اور پارلیمنٹ کو ہائی جیک کرنے کی کوشش نہ کرے،ترجمان پی ڈی ایم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ کوئی ادارہ آئین اور پارلیمنٹ کو ہائی جیک کرنے کی کوشش نہ کرے۔ان خیالات کااظہار حافظ حمد اللہ نے سوموار کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔انہوںنے کہا کہ پاکستان اور قوم کیلئے عظیم دن ہے کہ1973کے دستور نے گولڈن سلورجوبلی مکمل کرلی،50 سال پہلے10اپریل 1973 کوپاکستان کامتفقہ آئین قومی اسمبلی سے منظور ہو۔یہ اسلامی جمہوری دستور ہے جو ریاست اور قوم کے درمیان ایک میثاق ہے جسکی عملداری اور بالادستی ریاستی اداروں، سیاسی جماعتوں اور قوم پرلازم ہے اور متعدد ایسے فیصلے عدلیہ دے چکی ہے جس میں آئینی حدود سے تجاوز کیا گیا۔ حافظ حمد اللہ نے کہا کہ آج بھی آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کی سپرمیسی حملوںکی زد میں ہیں۔پی ڈی ایم آج تجدید عہد کا اعلان کریگی کہ ملک میں 1973 کے آئین کی بالادستی ہوگی۔پارلیمنٹ سپریم ہے باقی تمام ادارے پارلیمنٹ کو جوابدہ ہیں، کوئی ادارہ آئین اور پارلیمنٹ کو ہائی جیک کرنے کی کوشش نہ کرے۔ا نہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم ذوالفقارعلی بھٹو،مفتی محمود، ولی خان ،و دیگر سیاسی قائدین کو سلام پیش کرتی ہے۔ جنہوں نے پاکستان اور قوم کو ایک متفقہ اسلامی جمہوری آئین دیا۔


