پارلیمنٹ کی بالادستی کو مقدم رکھا جائے گا، تمام اتحادی جماعتیں ساتھ کھڑی ہیں، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو مقدم رکھا جائے گا، تمام اتحادی جماعتیں پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی ہیں۔وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا۔سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان ، سابق صدر آصف علی زرداری، قمر زمان کائرہ، خالد مگسی ، سردار ایاز صادق، خالد مقبول صدیقی، طارق بشیر چیمہ ، آغا حسن بلوچ، سالک چوہدری ، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب ، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود ، دیگر اتحادی رہنما ، وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل آف پاکستان شریک ہوئے۔اجلاس میں پی ٹی آئی سے مذاکرات اور ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق لیگل ٹیم نے عدالتی فیصلوں اور قانون سازی سے متعلق بریفنگ بھی دی۔اجلاس میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، اجلاس میں سیاسی قوتوں کے ساتھ مذاکراتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو مقدم رکھا جائے گا، تمام اتحادی جماعتیں پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی ہیں۔اتحادیوں نے یقین دہانی کرائی کہ سیاسی جماعتیں بھرپور طریقے سے حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔بعدازاں اجلاس ختم ہونے کے بعد سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان وزیراعظم ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں