گزشتہ 4 برس میں ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا، احسن اقبال

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ 4 برس میں ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا، ترقیاتی بجٹ پر توجہ نہیں دی گئی، آئی ایم ایف پروگرام کی عدم موجودگی سے غیریقینی صورتحال بڑھی۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہو گا، انسانی وسائل کی ترقی ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ا نہوںنے کہا کہ ہم نے 1999 میں انسانی وسائل کے لئے جو اقدامات کئے وہ مارشل لاء حکومت میں ضائع ہو گئے، ہماری حکومت نے 2013 میں انسانی وسائل کے لئے دوبارہ اقدامات شروع کئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ترقیاتی بجٹ 1000 ارب روپے تھا، رواں مالی سال ترقیاتی بجٹ کم ہو کر 727 ارب روپے ہو گیا، مگر ہمارا انفراسٹرکچر غریب ترین ممالک کی طرح ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالرز کا نقصان پہنچا، آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط سیلاب سے قبل طے ہوئی تھیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ سیلاب کے بعد پاکستان ان میں سے کچھ شرائط پرعملدرآمد نہیں کر سکتا، آئی ایم ایف پروگرام کی عدم موجودگی سے غیریقینی صورتحال بڑھی۔ انہوںنے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھنے سے عالمی بحران سامنے آیا، ملک میں توانائی کی قیمت کم کرنے کی ضرورت ہے، غریب لوگوں کو غربت سے نکالنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں