سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی میں پیش پیش بلوچستان کے نوجوان کیلئے اقوام متحدہ کی ستائش
کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان سے تعلق رکھنے والے انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار نوجوان دانش مراد نے اقوام متحدہ میں ملک کا نام روشن کردیا، دانش مراد کی خدمات کے اعتراف میں اقوام متحدہ نے اپنے ہیڈ کوارٹر سے تاریخ میں پہلی مرتبہ بلوچستان کے سیلاب پر تفصیلی مضمون بھی شائع کیا، جون 2023میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام نیویارک میں منعقدہونے والے کانفرنس میں دانش مرادکی خدمات پرویڈیوپیغام بھی شائع کیاجائے گا۔ اقوام متحدہ نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان دانش مراد کی رضا کارانہ خدمات کا اعتراف کیا ہے، گزشتہ سال مون سون بارشوں اور سیلاب کے دوران دانش مراد متاثرین کی خدمت و بحالی اور ان کی رہنمائی سمیت دیگر امور میں پیش پیش رہے انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کام کیا وہ بلوچستان سے پہلے شخص ہیں جن کی خدمات کے اعتراف کے طور پر اقوام متحدہ نے اپنے ہیڈ کوارٹر سے ایک تفصیلی مضمون شائع کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے سوشل میڈیا اکاو¿ نٹس پر بھی ان کی خدمات کو اجاگر کیا ہے۔ مگر صوبائی حکومت کی جانب سے اس نوجوان کو مکمل نظر انداز کر دیا گیا۔اس ضمن میں اقوام متحدہ کے پاکستان میں تعینات کنٹری کوارڈی نیٹر وسیم اشرف نے بتایا کہ یہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے، دانش مراد اقوام متحدہ کی جانب سے پزیرائی ملنے پر خوش ہیں۔رواں سال جون میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام کانفرنس میں دانش مرادکی خدمات پرویڈیوپیغام بھی شائع کیاجائے گا۔


