پارلیمنٹ ہی سپریم،سب کو سر تسلیم خم کرنا پڑے گا ، بلاول

اسلام آباد ( آن لائن ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئین سازی کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو حاصل ہے ، پارلیمنٹ ہی سپریم ہے سب کو اس کے سامنے سر تسلیم خم کرنا پڑے گا ۔اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 14 مئی پاکستان اور جمہوریت کیلئے تاریخ ساز دن ہے۔ آج کے دن عوام کی مقبول سیاسی قائد محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور پاکستان مسلم لیگ کے قائد میان نواز شریف نے میثاق جمہوریت کے دستاویز پر دستخط کیئے تھے۔ میثاق جمہوریت پر ثابت قدمی سے عمل کرنے سے ملک کے وقار میں اضافہ ہوگا اور جمہوریت مضبوط ہوگی ، صدر آصف علی زرداری نے میثاق جمہوریت پر عمل کرتے ہوئے 18 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے صدر کوحاصل تمام اختیارات پارلیمان کے حوالے کیئے تھے۔ 18 ویں آئینی ترمیم وفاق اور تمام اکائیوں کے درمیان ایک میثاق ہے آج پارلیمان پر حملے ہو رہے ہیں اور اس کے اختیارات کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔ یا آئین لکھا جا رہا ہے جو پاکستان پیپلزپارٹی کو کسی صورت میں منظور نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین سازی کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو حاصل ہے ریاست کے باقی اداروں کا فرض ہے کہ وہ پارلیمان کے منظور کیئے ہوئے قانون پر عمل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں