پہاڑوں کو چھوڑ کر محب وطن بنا، پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے کے باوجود کچھ لوگ تنگ کررہے ہیں، جمشیر لانگھانی
کوہلو (آن لائن) سابق فراری جمشیر لانگھانی نے کہا ہے کہ میں پہاڑوں کو چھوڑ کر محب وطن بنا، پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا لیکن بدقسمتی آج لوگ ناجائز تنگ کررہے ہیں اور جھوٹی ایف آئی آر درج کرانے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کوہلو پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑوں کو چھوڑ کر محب وطن بنا، پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا جس کے لئے بہت نقصان اٹھانا پڑا، مگر ملکی سالمیت کو اولین ترجیح دی، واپس آکر اپنا عزت کا کاروبار شروع کیا مگر بدقسمتی سے لوگ اب جھوٹی ایف آئی آرز میں پھنسانے کی کوشش کررہے ہیں۔ جمشیر لانگھانی کا مزید کہنا تھا کہ میں کافی وقت سے گاڑیوں کے کاروبار سے منسلک رہا ہوں میں نے ایک گاڑی ولی خان نامی کو پیمنٹ پر دی، میری پیمنٹ کاوقت پورا ہوا تو میں نے اپنے پیسے مانگے پیسے نہ دینے کی صورت میں نے اپنی گاڑی واپس مانگی جس پر ایک تیسرا شخص آگیا اس نے گاڑی زور زبردستی رکھی ہوئی ہے حالانکہ اسکا درمیان میں کوئی کام بھی نہیں ہے، بارہا التجا کی کہ ہمارے درمیان نہ آئیں جبکہ اسکا بھائی سی ٹی ڈی میں ملازم ہے جو مجھے دھمکیاں دے رہا ہے اور کہہ رہا ہے آپکے خلاف دھماکے کی جھوٹی ایف آئی آر درج کرونگا۔ میں آر او سبی اسرار عمرانی، ڈی آئی جی سبی کمانڈنٹ، ایف سی کوہلو، صوبائی وزیر میر نصیب اللہ مری سے اپیل کرتا ہوں کہ معاملے کا نوٹس لیکر مجھے انصاف اور تحفظ فراہم کیاجائے۔