بلوچستان حکومت نے بجٹ بنانے کا عمل تیز کردیا، وفاق سے گزشتہ سال فنڈز کو بجٹ کا حصہ بنانے کا فیصلہ

کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان حکومت نے نئے مالی سال کا بجٹ بنانے کا عمل تیز کردیا ، وفاق سے گزشتہ مالی سال کے فنڈز کو بھی بجٹ کا حصہ بنانے کا فیصلہ، وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے آئندہ مالی سال 24-2023 کے بجٹ کے لیے اتحادی جماعتوں سے تجاویز طلب کر لیں۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت کی جانب سے نئے مالی سال کیلئے بجٹ کی تیاری شروع کردی گئی ہے، وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے آئندہ مالی سال 24-2023 کے بجٹ کے لیے اتحادی جماعتوں سے تجاویز طلب کر لیں، بلوچستان کے آئندہ مالی سال 2023-24 کا بجٹ17 جون کو پیش کئے جانے کا امکان ہے، زرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بلوچستان کا کل بجٹ 550 ارب روپے سے تجاوز کر سکتا ہے۔ بجٹ میں تعلیم، صحت، امن و سلامتی اور پینے کے صاف پانی کو ترجیح دی جائے گی،آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے اتحادی جماعتوں نے بھی اپنی اپنی پارلیمانی جماعتوں کے اجلاس طلب کر لیے ہیںتاکہ بجٹ کے حوالے سے تجاویز مرتب کی جاسکیں، بلوچستان حکومت نے گزشتہ مالی سال کے دوران وفاق کی جانب سے ادا نہ ہونے والے مختص فنڈز کو بھی نئے مالی سال کے بجٹ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت بلوچستان نے وفاق کی جانب سے فنڈز کا اجراءنہ ہونے پر متعدد بار برہمی اور تشویش کا اظہار ہوئے حال ہی میں ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی جو فنڈز کے اجراءوفاق سے بات کرے گی تاکہ مالی سال 2022-23 کے دوران مختص ہونے والے فنڈز حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں