گوادر میں فوڈ اسٹریٹ، واٹر اسپورٹ اور تھیم پارکس منصوبوں پر کام کا آغاز، درخواستیں طلب کرلی گئیں

گوادر : گوادر میں فوڈ سٹریٹ ،واٹر سپورٹس اور تھیم پارکس کے منصوبوں پر کام شروع ،تجربہ کار قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں، کاروباری افراد، کنسورشیمز، ڈویلپرز اور کاروباری گروپوں سے باضابطہ درخواستیں طلب کر لی گئیں۔سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے فوڈ سٹریٹ،تفریحی تھیم پارک،واٹر اسپورٹس اورجی ڈی اے کلب کمپلیکس کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، ماسٹر پلان کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ پر جدید سیاحتی معیشت کی بنیاد رکھنے کے لیے گوادر کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ٹینڈرز ایوارڈ کئے جارہے ہیں جس کیلئے بولیاں طلب کر لی گئی ہیں۔ اس مرحلے میں تجربہ کار قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں، کاروباری افراد، کنسورشیمز، ڈویلپرز اور کاروباری گروپوں سے باضابطہ درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کےاحکام نے بتایا کہ دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 مئی مقرر کی گئی ہے۔ لازمی تقاضوں میں متعلقہ شعبوں میں 10 سال کا تجربہ، متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹیز اور اداروں جیسے ایس ای سی پی، پی ای سی اور چیمبرز کے ساتھ باضابطہ رجسٹریشن، ایف بی آر اوربلوچستان ریونیو اتھارٹی میں رجسٹرڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دلچسپی رکھنے والوں کو کو زمین کی فراہمی، طویل مدتی انتظامات، سنگل ونڈو سہولت کے تحت فاسٹ ٹریک منظوریوں میں سہولت فراہم کی جائے گی۔گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے مطابق گوادر کا مغربی خلیج ،مغربی حصہ تفریحی اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے وقف ہے۔ ویسٹ بے کے قریب جگہیں پہلے سے ہی روایتی کشتی بنانے، نوجوانوں کے لیے عوامی جگہ اور مقامی کھیلوں کے لیے استعمال میں ہیں۔ منصوبے کے تحت ویسٹ بے اور کوہ بتل کے قدرتی نظارے کے ساتھ اسے منفرد بنانا شامل ہے۔ جبکہ پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ موڈ پر مجوزہ فوڈ سٹریٹ ویسٹ بے گوادر کا قیام اس سمندری ڈرائیو کے ساتھ سیاحت کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے زائرین کے لیے فلوٹنگ پلیٹ فارم اور متعلقہ سہولیات بھی فراہم کرے گا۔ فوڈ سٹریٹ نہ صرف سیاحوں کو متنوع کھانے فراہم کرے گی بلکہ ہزاروں کم آمدنی والے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے اورمقامی معیشت بھی ترقی کرے گی۔ا تفریحی تھیم پارک انتہائی خوبصورت، سنسنی خیز ، مکینیکل سواریوں کے ساتھ دیگر تفریح کے مواقع فراہم کرے گا انہوں نے کہا کہ مقامی موضوعات خاص طور پر پاکستانی ثقافت، بلوچستان کی تاریخ، گوادر اور سمندری زندگی کے ساتھ مل جانے سے یہ سیاحوں کی بڑی تعداد کو راغب کرے گا۔جی ڈی اے کے اربن پلانر طارق رند نے کہا کہ گوادر واٹر اسپورٹس میں گوادر میں سیاحت کے رجحانات کو متحرک کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ساحل سمندر پر تفریحی مقامات اور واٹر فرنٹ کی تعمیر سے واٹر اسپورٹس قومی اور بین الاقوامی سیاحوں کے لیے نئے تفریحی میدان کھولیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی ڈی اے کلب کمپلیکس جس میں جم، کھیلوں کے جمنازیم، سوئمنگ پول اور دیگر تفریحی سرگرمیوں سے لیس ہے یہ بھی سیاحوں کو راغب کرنے کا ذریعہ بنے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں