روایتی سیاستدان نہیں، سیاست میں آنے کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالوں، جہانگیر ترین

لاہور (انتخاب نیوز) جہانگیر ترین نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب میں نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کا باضابطہ اعلان کردیا۔ اس موقع پر علیم خان نے کہا کہ ہم سب اکھٹے ہو کر جہانگیر ترین کی قیادت میں اس جدوجہد میں حصہ ڈالیں گے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ آج ہم ایک نئی پارٹی ’استحکام پاکستان پارٹی‘ بنا رہے ہیں، سیاست میں آنے کا میرا ایک ہی مقصد رہا ہے کہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے، میں روایتی سیاستدان نہیں، میں سیاست میں لیٹ آیا، ہم نے تحریک انصاف کو ایک مضبوط سیاسی قوت بنانے میں دن رات محنت کی، 2013ءکے الیکشن اور بعد ہم نے پارٹی میں ایک جوش و جذبہ پیدا کیا، آنے والے دنوں میں حقائق سامنے آجائیں گے کہ پارٹی کو مضبوط بنانے میں کیا کچھ کیا، پاکستان میں اصلاحات لانا ہمارا بنیادی منشور تھا، بد قسمتی سے ایسا نہیں ہوسکا جس سے بد دلی پھیلنے لگی۔ جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے پاکستان کی سیاست کو تبدیل کر دیا ہے، 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو انجام تک نہ پہنچایا تو پھر سیاسی مخالفین کے گھروں پر حملے بھی جائز سمجھے جائیں گے، کوئی بھی معاشرہ اس بات کی اجازت نہیں دے سکتا۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ تشویشناک صورتحال یہ ہے کہ عوام کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں، ہم مل کر ملک کو اس دلدل سے نکالنے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کو ایسی سیاسی قیادت کی ضرورت ہے جو مل کر ملک کو آگے بڑھائے۔ قبل ازیں علیم خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج پاکستان جس صورتحال سے گزر رہا ہے اس سے تمام پاکستانی پریشان ہیں، ملکی حالات سے فکر مند تھے، ہم نے ایک الگ پارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا، اپنے بڑے بھائی جہانگیر خان ترین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے ہم سب کو اکھٹا کیا، ہم نے پچھلے 11، 12 سال ایک ہی پلیٹ فارم پر لگائے ہیں، ہم سمجھتے ہیں پاکستان کے مسائل کا حل پاکستان کو مستحکم بنانے میں ہے۔ علیم خان نے کہا کہ انتشار پاکستان کو کھوکھلا کررہا ہے، ہم نے اس انتشار کو ختم کرنا ہے، ہم نے ایسا مستحکم پاکستان بنانا ہے جس میں پارلیمان، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں