الیکشن کمیشن کراچی میئر کے انتخابات کو کالعدم قرار د یکر ازسر نو شیڈول جاری کرے،جماعت اسلامی
لاہور(صبا ح نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر کراچی میں بد ترین دھاندلی اور سندھ حکومت کی فسطائیت کے خلاف لاہور ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، سرگودھا، گجرات، قصور ، ساہیوال ،شیخوپورہ ،سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،ننکانہ شریف ،پاک پتن سمیت پورے ملک میں یوم سیاہ منایا گیا ۔اس موقع پرجماعت اسلامی کے کارکنان، عہدیداران اور عوام کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی ۔ لوگوں نے ہاتھوں میںپلے کارڈ ز ، بینرز اور فلیکس اٹھا رکھے تھے جن پر سندھ حکومت کی دھاندلی اور کراچی میئر کے انتخابات کو کالعدم قرار دینے مطالبات درج تھے ۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ الیکشن کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیں۔کراچی کے عوام کے حق پر ڈاکہ مارا گیا ہے ۔ پیپلز پارٹی نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کرپٹ نظام کی سب سے بڑی محافظ ہے ۔ان لوگوں نے 1971میں بھی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر کے پاکستان کو دو لخت کیا تھا ۔ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے ہم کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کو چرانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ایک ایک ووٹ کا تحفظ کریں گے ۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کراچی کے عوام کا استحصال کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت بے نقاب ہو چکی ہے ۔ میئر کا جعلی انتخاب اور سلیکشن کو مسترد کرتے ہیں ۔ 31منتخب نمائندوں کواغوا ء کر کے جمہوری روایات کو پامال کیا گیا ہے ۔آصف علی زرداری کا اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرناپیپلز پارٹی کا روایتی ہتھکنڈا ہے جو کہ جمہوریت کا نام لیوائوں کے منہ پر سیاہ دھبہ ہے ۔ اس جعلی انتخاب کو کالعدم قر ار دیکر از سر نو شیڈول جاری کیا جائے ۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان کرپٹ افراد سے نجات حاصل کی جائے ۔ پی ڈی ایم ناہلوں اور کرپٹ افراد کا ٹولہ ہے جس نے عوام سے خوشیاں بھی چھین لی ہیں۔ قوم کو آئی ایم ایف اور دوسرے مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا گیا ۔ ہر سال اربوں روپے ان لوگوں کی کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔


