سنتھیا سے ملنے والی رقم ایدھی سینٹر میں جمع کرائینگے، وکیل یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد :سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے وکیل کا کہنا ہے کہ سنتھیا ڈی رچی سے ملنے والی ہرجانے کی رقم ایدھی سینٹر میں جمع کروائیں گے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی پیش ہوئے۔عدالت میں پیشی کے بعد یوسف رضا گیلانی کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنتھیا رچی کو یوسف رضا گیلانی کی طرف سے ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے۔یوسف رضا گیلانی کے وکیل نے مزید کہا کہ سنتیھا رچی سے ملنے والی ہرجانے کی رقم ایدھی سینٹر میں جمع کروائیں گے۔اس موقع پر سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے لیگل نوٹس بھیجا ہے، انشاء اللّٰہ ہم کامیاب ہوں گے۔پیپلز پارٹی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ آج عدالت میں پیش ہوا اور عدالت نے مجھے حاضری سے استثنیٰ دے دیا ہے۔یوسف رضا گیلانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب تک دیگر ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوتے، اس وقت تک مجھے حاضری سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بلاگر، سوشل میڈیا ایکٹویسٹ اور فلم میکر کہلانے والی امریکی شہری سنتھیارچی آج کل پاکستانی سوشل میڈیا پر تنازعات کی زد میں ہیں اور ان کے ٹویٹ اور ویڈیوز کا ہدف پیپلز پارٹی اور اُس کی اعلیٰ قیادت ہے۔سنتھیا رچی نے ناصرف پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن بینظیر بھٹو شہید پر الزمات عائد کیے ہیں بلکہ سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی اور سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک پر جنسی زیادتی جیسے الزامات لگائے ہیں۔یوسف رضا گیلانی، رحمٰن ملک اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سنتھیارچی کے اِن الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا ہے۔سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا گیا ہے۔سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے سنتھیا رچی کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجوایا ہے۔ادھر امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی نے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ روپے ہرجانے کا جوابی لیگل نوٹس بھیجوا دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں