امید ہے آئی ایم ایف سے معاہدہ جلد ہوجائے گا، خواجہ آصف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ امید ہے آئی ایم ایف سے معاہدہ جلد ہوجائے گا۔ قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حج پر جانے والے اراکین نے خود اپنے اخراجات اٹھائے، حج پر جانے والے اراکین کو کوئی سہولت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی بھی عام فلائٹ کے ذریعے حج کریں گے، سرکاری خرچ پر کوئی رکن حج پر نہیں گیا۔وزیر دفاع نے کہا اس وقت ہماری مشکلات ہمالیہ سے بھی زیادہ ہیں۔انہوں نے چیئرمین سینیٹ کی مراعات میں اضافے کے بل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام تکلیف میں ہیں، ان حالات میں ایسی مراعات درست نہیں، تاحیات تو ایسی مراعات درست نہیں، ہم اس بل کا کسی طور دفاع نہیں کرسکتے۔خواجہ آصف نے کہا کہ وزرا ء کے ساتھ پروٹوکول کم کیا جائے، یہ نہیں ہونا چاہئے، ہم پروٹوکول کے ساتھ گزرتے ہیں تو لوگ گالیاں دیتے ہیں۔ا نہوںنے کہا کہ یہ جو ہم پروٹوکول استعمال کرتے ہیں ، یہ ڈالے آگے پیچھے، تو جب اقتدار چلا جاتا ہے تو پولیس پیچھے ہوتی ہے آگے نہیں ہوتی، اس لیے یہ پروٹوکول نہ استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ دالے نہ صرف سڑکوں پر بلکہ پارلیمنٹ لاجز میں بھی تیز رفتار سے چلائے جاتے ہیں، میں پیدل واک کر رہا تھا، برابر سے ڈالا گزرا تو میں چھلانگ مار کر ایک طرف ہوا۔وزیر دفاع نے کہا کہ اگر جان کا خوف ہے تو چھوڑ دیں یہ پنگا نہ لیں، ایک عام شہری کی زندگی گزاریں، تمام ایم این ایز، ایم پی ایز صرف ایک پولیس اہلکار گاڑی میں رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ووٹروں کے ساتھ رشتے کو مضبوط کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں