آبائی زمینوں پر بااثر افراد قبضہ کرنا چاہتے ہیں، قتل اور لاپتہ کرنے کی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے، پنجگور کے رہائشیوں کا مطالبہ

کوئٹہ (آن لائن) ضلع پنجگور کے رہائشی نواب میر احمد چلتن وال نے کہا ہے کہ ہماری جدی پشتی زمینوں پر بلو چستان اسمبلی کے ایک رکن میجر رسالدار اورڈپٹی کمشنر پنجگور کی ملی بھگت سے قبضے کر نے کی کوششیں کر رہے ہیں، کمانڈر 12کور، گورنر بلو چستان، وزیر اعلیٰ بلو چستان، چیف سیکرٹری بلوچستان سے مطالبہ ہے کہ ہمیں قبضہ مافیا اور بھتہ گیروں سے نجات دلائی جائے ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو میر وسیم سمالانی، حاجی عبد الحق سمالانی کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ضلع پنجگور میں سبزآپ کے رہائشی ہیں وہاں ہمارے آباﺅ اجداد کی جدی پشتی زمینیں ہیں جن پر بلوچستان اسمبلی کے ایک رکن، میجر رسالدار اور ڈپٹی کمشنر پنجگور کی ملی بھگت سے قبضے کی کوششیں کررہے ہیں، ہم حکام بالا تک آواز پہنچانے کے لئے پریس کانفرنس بھی کرچکے ہیں لیکن ہمیں انصاف فراہم کرنے کے بجائے قتل کرنے اور لاپتہ کرنے کی دھمکیاں دینے کی کوششیں کی جارہی ہےں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی سے قبل ہماری قوم کے 28 افراد کیخلاف من گھڑت اور جھوٹے مقدمے درج کیے گئے ۔ انہوں نے کمانڈر 12کور، گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں قبضہ مافیا اور بھتہ گیروں سے نجات دلائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں