دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلاب کا خدشہ ہے،ڈی جی محکمہ موسمیات
اسلام آباد (صباح نیوز) محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹرجنرل مہر صاحبزاد خان نے کہا ہے کہ چناب، راوی اور ستلج کے علاقوں میں زیادہ بارشیں ہیں جس سے وہاں سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی محکمہ موسمیات مہر صاحبزاد خان نے کہا کہ مون سون کی بارش کسی جگہ زیادہ اور کسی جگہ کم ہوتی ہے، خیبرپختونخوا میں زیادہ تر پہاڑی علاقہ ہے اس لئے وہاں بارش کا پانی زیادہ تباہی مچاتا ہے، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ ہوتی ہے جو بہت خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بارش کا سلسلہ 3 سے 8 جولائی تک ظاہر کیا تھا، چناب، راوی اور ستلج کے علاقوں میں زیادہ بارشیں ہیں جس سے وہاں سیلاب کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے، دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مون سون کی بارشوں کا سلسلہ ایسا نہیں کہ ایک یا 10 دن میں بارشیں ہوجائیں یہ تین مہینے کا سپیل ہوتا ہے بعض اوقات اچھا سپیل آتا ہے، اس حوالے سے ہم آنے والے دنوں کے لیے کافی تیار ہیں اور ہر چیز عوام کو بروقت پہنچائیں گے۔صاحبزاد خان نے مزید کہا کہ بارشوں میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں، پہاڑی اور میدانی علاقوں کے الگ الگ خدشات ہوتے ہیں اس لیے دونوں جگہ رہنے والے لوگ محتاط رہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ روز لاہور میں مون سون بادلوں نے دھواں دھار انٹری دی اور شہر میں 10 گھنٹوں کے دوران 300 ملی میٹر کی بارش نے لاہور کو پانی پانی کردیا جب کہ اس دوران حادثات میں 7 افراد بھی جاں بحق ہوئے اور بجلی کے پول گرنے سے شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔


