سندھ حکومت اختیارات پر قابض ہو کر ناانصافی کر رہی ہے، حافظ نعیم الرحمن
کرانے (صباح نیوز)امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اختیارات پر قابض ہو کر ناانصافی کر رہی ہے،میئر صاحب برساتی نالوں کی صفائی کریں، صرف فوٹو سیشن نہ کریں،مرتضیٰ وہاب جب ایڈمنسٹریٹر تھے اس وقت نالوں کی صفائی کے نام پر کرپشن ہوئی ۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کچرے کی پیدوار زیادہ ہے اور گاڑیاں کم ہیں، کچرا اٹھانے کا کام ٹھیک طرح سے کیا جائے، سندھ حکومت اختیارات پر قابض ہو کر ناانصافی کر رہی ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ گھوسٹ ملازمین ابھی بھی چل رہے ہیں، تنخواہ ٹائونز سے جا رہی ہے مگر کام نہیں ہو رہا، یوسی سطح پر کچرا نہیں اٹھایا جا رہا ہے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ گھروں سے کچرا نہیں اٹھا رہا، لوگ پیسے دے کر کچرا اٹھوا رہے ہیں۔ امیرِ جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب ایڈمنسٹریٹر تھے اس وقت نالوں کی صفائی کے نام پر کرپشن ہوئی، نالوں کی صفائی کا کام اب بھی نہیں کیا جا رہا، ہمارے چیئرمین نے محنت کر کے بغیر چارج کے کام کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ٹائونز میں بھی جا کے دیکھیں کہ کتنا کام ہوا ہے، نالوں میں بارش کے پانی کے نکاس کے راستے بند ہیں، انٹر لنک نالوں کا برا حال ہے، کچرے سے بھرے ہیں۔کراچی کے شہریوں کے لئے تعلیم کے دروازے بند کئے جا رہے ہیں، انتخابات دبائو پر کرا دیئے لیکن اختیارات تاحال نہیں دیئے گئے، ہمارا مطالبہ ہے کونسل کا اجلاس بلایا جائے، بجٹ پیش کیا جائے، کے ایم سی میں بجٹ پیش کیا جائے، اختیارات دیئے جائیں۔


