پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع
لاہور ( این این آئی) انسداد تخریب کاری عدالت نے مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے، عسکری ٹاور پر حملے ، تھانہ شادمان نذر آتش کرنے اور دیگر مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو مختلف مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد تخریب کاری عدالت پیش کیا گیا، اے ٹی سی کی سپیشل جج عبہر گل خان نے مقدمات پر سماعت کی، پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔دوران سماعت تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ مقدمات کا چالان تکمیل کے مرحلہ میں ہے مہلت دی جائے، عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرلی اور سابق صوبائی وزیر کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے 24 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔واضح رہے ڈاکٹر یاسمین راشد پر ماڈل ٹان میں مسلم لیگ نون کے آفس، عسکری ٹاور پر حملے اور تھانہ شادمان کو جلانے کا الزام ہے۔


