گھوٹکی میں دیرینہ دشمنی پربچی سمیت 3 افراد کو قتل کردیا گیا، ملزمان فرار

گھوٹکی (صباح نیوز) گھوٹکی میں دیرینہ دشمنی پرفائرنگ کرکے بچی سمیت 3افراد قتل کر دیئے گئے ۔پولیس کے مطابق گھوٹکی میں ساوند اور سندرانی قبائل کے مابین دیرینہ دشمنی چلی آرہی ہے ، اے سیکشن تھانہ کی حدود میں واقعہ کلمہ چوک میں سندرانی قبیلے کے مسلح افراد نے ساوند برادری کی دکانوں پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کمسن بچی سمیت 3 افراد قتل ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق کہ مقتولین میں دکاندار غوث بخش ساوند اور 10 سالہ بچی بشیراں ساوند، اور راہگیر علی اصغر شامل ہیں، ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتا ل منتقل کر دیں ۔ پولیس نے کہا کہ واقعہ سندرانی اور ساوند قبائل کے مابین جاری دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے، حملہ آوروں کا تعین کیا جا رہاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں