بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ساڑھے 7 روپے اضافہ، نیپرا نے منظوری دیدی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی حکومتی درخواست منظور کرلی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ساڑھے 7 روپے تک اضافے کی منظوری دیدی۔ حکومتی درخواست پر نیپرا کا محفوظ فیصلہ جاری کر دیا گیا، نیپرا نے نوٹیفکیشن کیلئے فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا۔ لائف لائن صارفین بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے، ماہانہ200 یونٹ تک کے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے بجلی مہنگی کرنے کی سمری کی منظوری دی تھی۔ ماہانہ ایک سے 100 یونٹ تک کا ٹیرف 3 روپے اضافے سے 16 روپے 48 پیسے ہوگا جبکہ ماہانہ 101 سے 200 یونٹ کا ٹیرف 4 روپے اضافے کے بعد 22 روپے 95 پیسے ہوگا۔ اسی طرح 201 سے 300 یونٹ تک کا ٹیرف 5 روپے اضافے سے 27 روپے 14 پیسے ہوگا جبکہ ماہانہ 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 6 روپے 50 پیسے اضافے سے 32 روپے 03 پیسے ہوگا۔ ماہانہ 404 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 7 روپے 50 پیسے اضافے سے 35 روپے 24 پیسے جبکہ ماہانہ 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف 7 روپے 50 پیسے اضافے سے 36 روپے 66 پیسے ہوگا۔ ماہانہ 501 سے 600 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین 7 روپے 50 پیسے اضافے سے فی یونٹ کی قیمت 37 روپے 80 پیسے ادا کریں گے۔ نیپرا فیصلے عملدرآمد وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد ہوگا، نوٹیفکیشن جاری ہونےکی صورت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔


