وفاقی حکومت نے کراچی کے تین بڑے اسپتال کا کنٹرول صوبے سے واپس لے لیا

کراچی:وفاقی حکومت نے کراچی کے تین بڑے اسپتال کاکنٹرول صوبے سے واپس لیتے ہوئے دستیاب مشینری کاحساب بھی مانگ لیاہے جبکہ جناح اسپتال،این آئی سی وی ڈی،این آئی سی ایچ میں نئی بھرتیوں پرپابندی بھی عائد کردی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے کراچی کے 3بڑے اسپتال تحویل میں لے لیاہے، اس حوالے سے وفاقی وزارت نیشنل ہیلتھ ریگولیشنزن کی جانب سے اسپتالوں کے سربراہان کو ہنگامی مراسلہ ارسال کیاگیاہے۔مراسلہ جناح اسپتال، قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی)اور قومی ادارہ برائے صحت اطفال کی انتظامیہ کو لکھا گیا گیا ہے، جس میں مذکورہ اسپتالوں میں نئی بھرتیوں پر اور کسی بھی مشینری اور سامان کے باہر لیجانے پر پابندی عائد کردی ہے۔وفاقی حکومت نے کراچی کے تینوں اسپتالوں سے دستیاب مشینری کا حساب مانگ لیا اور تینوں اسپتالوں کو تمام اشیاء کی انوینٹری رپورٹ فوری ارسال کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔واضح رہے گذشتہ سال نومبر میں سپریم کورٹ نے جناح اسپتال اور این آئی سی وی ڈی کی سندھ کو منتقلی غیر آئینی قرار دیتے ہوئے این آئی سی ایچ اور این ایم پی کی صوبے کو منتقلی بھی غیر آئینی قرار دیا تھا۔فیصلہ کے مطابق سندھ اسمبلی کا منظور شدہ این آئی سی وی ڈی ایکٹ2014 غیر آئینی ہے۔فیصلہ میں مزید کہا گیا تھا کہ این آئی سی ایچ1990میں جے پی ایم سی سے الگ ہوکر وفاق کو منتقل ہوا، اٹھارہویں ترمیم عمل درآمد کمیشن نے اپنی حدود سے تجاوز کیا تھا، جے پی ایم سی اور این آئی سی وی ڈی کا وفاقی ادارے ہونا پہلے سے تسلیم شدہ ہے۔بعد ازاں سپریم کورٹ کی جانب سے جناح اسپتال،این آئی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ اور شیخ زید اسپتال کو وفاق کے تحت چلانے کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے وزارت صحت نے انتظامی کنٹرول کیلئے ا سپتالوں کے اثاثوں، ملازمین اور بجٹ کی تفصیلات طلب کی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں