اٹلی میں تارکین وطن کی دو کشیاں الٹ گئیں، 2 افراد ہلاک، 30 سے زائد کو بچا لیا گیا، 30 لاپتہ

روم (مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی کے جزیرے لیمپیڈوسا میں تارکین وطن کی دو کشتیاں الٹنے سے 2 افراد ہلاک اور 30 افراد لاپتا ہوگئے جبکہ 30 سے زائد افراد کو بچالیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق اٹلی کے کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ جنوبی جزیرے لیمپیڈوسا سے دو لاشیں برآمد کی گئی ہیں اور 57 افراد کو بچالیا گیا ہے، جہاں دو کشتیاں الٹنے کے بعد 30 سے زائد افراد لاپتا ہیں۔ رپورٹ کے مطابق زندہ بچ جانے والوں کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی گئی ہے کہ تارکین وطن کی دو کشتیاں تیونس کے مہاجرین کو لے کر بندرگاہ سے روانہ ہوئیں جو یورپ جاتے ہوئے ڈوب گئیں۔ حکام نے بتایا کہ ایک بحری جہاز میں 48 اور دوسرے میں 42 افراد سوار تھے جہاں کوسٹ گارڈ نے لیمپیڈوسا کے جنوب مغرب میں تقریباً 23 سمندری میل کے فاصلے پر زندہ بچ جانے والوں کے ساتھ ساتھ دو متاثرین کو نکالا۔ کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے کہا کہ وہ صرف زندہ بچ جانے والوں کی تعداد اور دو لاشوں کی بازیابی کی تصدیق کرسکتے ہیں۔ اطالوی گشتی کشتیوں اور این جی او گروپس کے ذریعے سمندر میں بچائے جانے کے بعد گزشتہ چند دنوں میں دو ہزار سے زیادہ لوگ لیمپیڈوسا پہنچے ہیں جہاں تیز ہواﺅں نے جزیرے کے ارد گرد کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ جمعہ سے تقریباً 20 تارکین وطن ایک چٹان پر پھنس گئے ہیں جہاں ان کی کشتی لیمپیڈوسا پہنچنے پر چٹانوں سے ٹکرا گئی۔ آج این جی او گروپ اوپن آرمز نے سوشل میڈیا ’ایکس‘ (ٹوئٹر) پر لکھا کہ دو دن سے زیادہ سمندر میں کشتی رانی کے بعد بالآخر 195 افراد کو بچایا گیا جنہیں جنوبی اطالوی بندرگاہ برندیسی میں اتارنا شروع کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں