امریکی ڈالر نے ٹرپل سنچری کرڈالی، پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے اضافے کی تیاری

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک میں پاکستانی روپیہ کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہوگیا۔کرنسی ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مسلسل دسویں روز اضافے کا رجحان برقرار ہے، انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 3 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی۔کاروباری دن کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر مزید 3 روپے 60 پیسے مہنگا ہوگیا، قیمت میں اضافے کے بعد امریکی ڈالر292 روپے 10 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 6 روپے مہنگا ہوکر 302 روپے کا ہوگیا۔دوسری جانب نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں اتار چڑھاؤ کارجحان ہے، ہنڈریڈ انڈیکس 141 پوائنٹس بڑھکر 48565 پوائنٹس پر بند ہوا۔دوسری جانب اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں آئندہ 15 روز کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان ہے۔بزنس ریکارڈر کے مطابق گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 24 روپے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے۔حکومت پہلے ہی یکم اگست 2023 سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں تقریبا 20 روپے کا اضافہ کرچکی ہے۔عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قرضوں کی شرائط نے حکومت کو مجبور کیا کہ وہ بڑھتی ہوئی اشیاء کی قیمتوں کا بوجھ عوام پر ڈالے۔گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ریفائنڈ مصنوعات کی قیمتیں 13 ڈالر فی بیرل اضافے سے 111 ڈالر فی بیرل اور پیٹرول کی قیمت 7 ڈالر فی بیرل اضافے سے 97 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ حکومت پیٹرول پر 55 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 50 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے، ان کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ اگست میں افراط زر کو متاثر کرسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں