بجلی بلوں میں انکم ٹیکس سمیت بھاری ٹیکسز کی وصولیاں، نیپرا کا نوٹس

کراچی (یو این اے) بجلی بلوں میں انکم ٹیکس سمیت بھاری ٹیکسز کی وصولیوں پر نیپرا نے نوٹس لے لیا، بجلی صارفین سے ٹیکسز وصولی کے حوالے سے جائزہ سیشن رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپر)نے بجلی بلوں میں انکم ٹیکس سمیت بھاری ٹیکسز کی وصولیوں کو نوٹس لیتے ہوئے اس حوالے سے جائزہ سیشن رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔نیپرا بجلی بلز میں ٹیکسز کی وصولیوں پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے لے گی جبکہ سیشن سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کو نوٹس جاری کیا جائے گا۔ٹیکسز وصولیوں سے متعلق معاملہ دوران سماعت صارفین کی جانب سے اٹھایا گیا۔ پاور ڈویشن حکام کا کہنا ہے کہ پاور ڈویژن خود کوئی ٹیکس وصول نہیں کرتا، ٹیکسز وزارت خزانہ اور ایف بی آر وصول کرتے ہیں۔حکام نے مزید کہا کہ بہتر ہے اس معاملے پر وزارت خزانہ یا ایف بی آر کو بلا لیا جائے، بجلی صارفین سے قوانین کے تحت ٹیکسز وصول کئے جارہے ہیں، کس صارف سے کتنا انکم ٹیکس وصول کرنا ہے وہ انکم ٹیکس لا میں درج ہے۔نیپرا نے حکام سے کہا ہے کہ بجلی صارفین سے کتنے ٹیکسز وصول کئے جارہے ہیں اس کی تفصیلات جمع کروائیں، اتھارٹی معاملے پر الگ سے سیشن رکھے گی تمام اسٹیک ہولڈرز کو سنا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں