لائن آف کنٹرول پر فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج

اسلام آباد (انتخاب نیوز) لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے معاملے پر بھارتی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے سخت احتجاج کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی افواج کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت پر احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے بھارتی ناظم الامور ڈاکٹر سوریش کمار کو وزارت خارجہ میں طلب کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی افواج کی فائرنگ سے کوٹلی ضلع کے اولی گاو¿ں کے 60 سالہ شہری غیاث کی ہلاکت پر پاکستان نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور مراسلہ بھارتی ناظم الامور کے حوالے کیا، ایل بھارتی افواج کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ 21 اگست کو لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر میں پیش آیا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ اس بات پر زور دیا گیا کہ بھارتی افواج کو انتہائی احتیاط برتنی چاہیے، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کے منافی ہے، بھارتی فریق پر زور دیا گیا کہ وہ واقعے کی تحقیقات کرے اور سیز فائر مفاہمت کا احترام کرے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز 21 اگست کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نکال سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس سے ایک شہری جاں بحق جبکہ 3 خواتین زخمی ہوگئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں