میرا بیٹا بے گناہ ہے ، بڑی پیرنی اسد شاہ کے سسر پر برس پڑی

خیرپور(انتخاب نیوز)رانی پور کے پیر کے گھرملازمت کرنے والی فاطمہ کے قتل کیس کے مرکزی ملزم اسد شاہ کی والدہ بڑی پیرنی کا وڈیو بیان سامنے آگیا۔صحافیوں کے سوالات پر بیٹے کے سسر فیاض شاہ پر برس پڑیں اور الزمات لگاتے ہوئے کہا کہ بچیاں دو دو ماہ فیاض شاہ کے گھر رہ کر آتی تھیں، ہمیں کیا معلوم۔ویڈیو میں اسدشاہ کی والدہ دھمکی آمیز گفتگو کرتی رہی اور بچیوں پر بھی الزامات لگاتی رہی۔مرکزی ملزم اسدشاہ کی والدہ بڑی پیرنی نے کہا کہ میرا بیٹا بے گناہ ہے، ملک کی کسی بھی لیبارٹری سے اسد شاہ کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایاجائے۔بڑی پیرنی نے کہا کہ میں نے کبھی بھی فاطمہ پر تشدد ہوتے نہیں دیکھا، اجالا اور ثانیہ پہلے فیاض شاہ کے پاس رہتی تھیں، اس نے دونوں کو اپنی بیٹی حنا شاہ کو دیا۔انھوں نے مزید کہا کہ فاطمہ 3 ماہ پہلے فیاض شاہ کے پاس تھی، وہ جب ہمارے پاس آئی تو بیمار تھی ، تحقیقات کرکے ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔جبکہ حویلی میں کام کرنے والی لڑکی کی ہلاکت کے معاملے کی شفاف انکوائری کےلیے مشترکہ تحقیقات ٹیم (جے آئی ٹی)کا مطالبہ سامنے آگیا۔رانی پور حویلی میں لڑکی کی ہلاکت پر پولیس افسران نے مشترکہ بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی خیرپور اور اے ایس پی موجود تھے۔بریفنگ کے دوران پولیس حکام نے کہا کہ رانی پور کیس میں کچھ مسائل سامنے آ رہے ہیں، شفاف انکوائری کےلیے جے آئی ٹی کی تشکیل کےلئے لکھا ہے۔پولیس حکام کے مطابق رانی پور کیس میں ملزمان کو ہر صورت سزا دلانا چاہتے ہیں۔ رانی پور کیس میں کسی بے قصور کو سزا نہیں ملنی چاہیے، سی سی ٹی وی ویڈیو کی فرانزک کےلیے ڈی وی آر پنجاب فارنزک لیب بھیجا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمہ حنا شاہ کی عبوری ضمانت بدھ کو ختم ہو رہی ہے، کوشش ہوگی کہ ملزمہ کو مزید ضمانت نہ ملے اور گرفتار کیا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں