فوج مفت بجلی استعمال نہیں کررہی، عوام کو بجلی بل دینا ہوں گے، مہنگائی اتنی نہیں کہ پہیہ جام ہڑتال ہو، نگراں وزیراعظم

اسلام آباد (انتخاب نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی کے بلوں پر ریلیف کا اعلان کریں گے، بجلی کے بلوں کے مسئلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ تمام اداروں سے پوچھا کہ کتنی بجلی مفت استعمال کرتے ہیں، بجلی کے بل دینا ہوں گے، آئی ایم ایف کے معاہدے پر عمل کریں گے، آئی پی پیز، لائن لاسز اور چوری کی وجہ سے بجلی مہنگی ہے، حکومت نے زیادہ تر وقت بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے لگایا ہے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں کا معاملہ آئی ایم ایف سے مل کر دیکھ رہے ہیں، فوج میں کوئی فری بجلی استعمال نہیں کررہا، دفاعی بجٹ سے دے رہے ہیں، مہنگائی ضرور ہے مگر اتنی نہیں کہ پہیہ جام ہڑتال ہو، ہم آئی ٹی، میڈیکل، سیاحت اور دفاعی پیداوار پرکام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی بحران نہیں، مشکل حالات ہیں، لاپتہ افراد کا معاملہ سنجیدہ ہے، الیکشن تاریخ پر سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی احترام کریں گے، الیکشن وقت پر ہوگا، الیکشن کرانے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے، نادرا چیئرمین کے لیے اسپیشلائزڈ شخص کی ضرورت ہے، تخریب کاری اور حساس معاملات دیکھ کر نادرا رولز میں ترمیم کی، نادرا کے معاملات بڑی حد تک ملک کی سیکورٹی سے متعلق ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مایوسی پھیلانا درست نہیں، ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائےگا، زراعت، معدنیات اور آئی ٹی کے شعبے میں بہت صلاحیت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں