زمینی حقائق جانے بغیر تفتان میں اقدامات کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنانا درست عمل نہیں تھا، ڈاکٹرشہباز گل

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ ڈاکٹر شہباز گل نے جمعہ کے روز یہاں ملاقات کی ملاقات کے دوران کوروناوائرس کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ڈاکٹر شہباز گل نے کورونا وائرس کے پھیلاؤکی روک تھام اور تدارک کے لئے بلوچستان حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ زمینی حقائق جانے بغیر تفتان میں بلوچستان حکومت کے اقدامات کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنانا درست عمل نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وہ بلوچستان کے مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے کوئٹہ پہنچے ہیں، ان کے دورے کا مقصد لوگوں کو حوصلہ دینا اور وفاقی حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کرانا ہے، ملاقات میں کورونا وائرس کے معاشی و اقتصادی شعبوں پر مرتب اثرات پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے اتفاق کیا گیا کہ کووڈ-19 نے پوری دنیا کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے تاہم اس صورتحال سے نئے مواقع اور ٹیکنالوجی کے امکانات بھی پیدا ہو رہے ہیں،کورنا وائرس سے قوم منظم ہورہی ہے اور قوم میں صحت اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے شعور اجاگر ہو ا ہے، کورونا وائرس نہ صرف انسانی جا نوں بلکہ معیشت کے لئے بھی بڑا چیلنج ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آغاز میں عوام کو کورونا وائرس کے نقصان کے متعلق یقین دلانا مشکل تھا تاہم اب وہ محتاط ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فوڈسیکیورٹی کی صورتحال اطمینان بخش اور اللہ کی خصوصی رحمت ہے جس کے باعث کورونا وائرس کے معاشی اثرات ابھی تک بہت زیادہ نقصان دہ نہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کے رویہ کے حوالے سے ابھی تک دنیا بھر میں صرف اندازے ہی لگائے جارہے ہیں اور مکمل تحقیق اور ریسرچ کے بعد ہی صحیح صورتحال سامنے آسکے گی،انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے کورونا وائرس سے روزگار اور کاروبار پر مرتب ہونے والے اثرات کو کم کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے، صوبے میں اخوت کے اشتراک سے چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے لئے قرض حسنہ کے پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں معاشی معاونت کی فراہمی کے مزید پروگرام شامل کئے گئے ہیں جن سے نوجوان اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انٹر پنیورشپ کا مقصد اپنے لوگوں کو معاشی طور پر ان کے پیروں پر کھڑا کرنا ہے اور باہر سے آنے والے ہنر مند افراد کو بھی معانت فراہم کر کے انہیں اپنے ہنر کو بروئے کار لانے کے مواقع دیں گے،وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے ہر ضلع میں معاشی سرگرمیوں کے مواقع موجود ہیں خاص طور سے زراعت ماہی گیری اور لائیو سٹاک سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار کرنے کے روشن امکانات ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے معاشی وسماجی ترقی اور معیشت کے استحکام کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن اور صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں