بلدیہ فیکٹری میں سزا یافتہ بھولا اور چریا بے گناہ ہیں، پارٹی دونوں کا آخر وقت تک ساتھ دے گی، خالد مقبول
کراچی (انتخاب نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری میں سزا یافتہ عبدالرحمن بھولا اور زبیر چریا بے گناہ ہیں، ایم کیو ایم دونوں کا آخر وقت تک ساتھ دےگی۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کراچی کے ایک سانحے کے 12 سال کی تاخیر سے فیصلہ سنایا گیا اور ایم کیو ایم کے دو بے گناہ کارکنان کو سزائے موت سنائی گئی، ایم کیو ایم اپنے کارکنان کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور اس فیصلے کے خلاف عدالتوں کے ساتھ ساتھ ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے سانحہ بلدیہ کیس میں عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس سانحہ کا کسی کو ذمہ دار ٹھہرایا جاسکتا ہے تو وہ اس فیکٹری کے مالکان ہیں، سانحے میں شہید ہونے والے اور بچانے والے ایم کیو ایم کے لوگ ہیں، حماد صدیقی کہاں ہے؟ یہ عدالت کو پتا ہونا چاہیے، اپنے لاپتہ کارکنان کو بازیاب کرانے کیلئے ایم کیو ایم پاکستان عدالتوں میں ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اگر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ ایم کیو ایم قیادت کی اجازت کے بغیر نہیں ہوسکتا تھا تو پھر انہیں سزائے موت دی جائے ان دو کارکنان کو کیوں سزائے موت دی؟ ان کا کہنا تھا کہ ایک چرس پینے والے چرسی کی گواہی پر جے آئی ٹی چل رہی ہے، سانحہ بلدیہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے وکیل نے خود اپنی کتاب میں اسے حادثہ اور مالکان کی غفلت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔


