اسرائیلی فوج کیساتھ جھڑپیں ، صحافی سمیت متعدد فلسطینی زخمی
نابلس،غرب اردن (صباح نیوز)اسرائیلی قابض فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہرنابلس میں قریوت کے مقام پرفلسطینیوں کے احتجاجی مظاہرے پر براہ راست گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں صحافی سمیت متعدد فلسطینی زخمی اور کئی شہری آانسوگیس کی شیلنگ کے باعث دم گھٹنے سے بے ہوش ہو گئے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق احتجاجی مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، مظاہرین کومنتشر کرنے کیلئے براہ راست گولیاں چلائی گئیں جس کے نتیجے میں7 فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین نے کہا کہ قابض فوج نے غرب اردن میں فلسطینی شہریوں پر دھاتی گولیوں کا بھی استعمال کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔فلسطینیوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی۔ادھرغرب اردن کے مختلف شہروں میں یہودی آباد کاری کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج نے طاقت کا استعمال کیا۔ فلسطینی شہریوں نے غرب اردن میں یہودی آباد کاری ، توسیع پسندی اور فلسطینی مکانات کی مسماری کے خلاف احتجاج کیا۔غرب اردن کے شمالی شہر بیتا میں فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فوج پر سنگ باری کی۔ یہاں پر فلسطینیوں نے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں غرب اردن میں یہودی آباد کاری اور نسلی دیوار کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔جھڑپوں کے دوران نابلس میں حوارہ چوکی پر اسرائیلی فوج نے دونوں طرف کی ٹریفک بند کردی۔ نابلس میں بیت دجن میں ہونے والے مظاہرے کو منتشر کرنے کے لئے اسرائیلی فوج نے طاقت کا استعمال کیا۔ادھر غزہ کی پٹی میں ہونیوالے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک صحافی سمیت 12 فلسطینی زخمی ہو گئے ۔


