مستونگ بم دھماکہ،نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر قیادت اعلیٰ سطحی اجلاس
کوئٹہ( صباح نیوز) نگران وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ مستونگ دھماکے کے تمام شہدا کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی جائے گی اور زخمیوں کا علاج حکومت بلوچستان کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے زیر صدارت منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس عبدالخالق شیخ کی اعلی سطحی اجلاس میں بریفنگ دی ۔ نگران وزیراعلی کا کہنا تھا کہ مستونگ دھماکے سے متعلق ابتدائی شواہد سامنے آئے ہیں ، ابتدائی تحقیقات درست سمت میں جاررہی ہیں ، وزیراعلی نے ہدایت کی کہ تحقیقات کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرکے ملوث عناصر تک پہنچا جائے اور ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، وزیراعلی کا کہنا تھا کہ تمام شہدا کو معاوضے کی ادائیگی کی جائے گی اور تمام زخمیوں کا علاج حکومت بلوچستان کرے گی ، انہوں نے ہدایت کی کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر مستونگ میں فٹبال میچ ملتوی کیا جائے ، ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکہ خود کش تھا ۔ اجلاس کے دوران آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ دھماکے میں چھ سے آٹھ کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ، اس موقع پر سیکرٹری صحت اسفندیار کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو سی ایم ایچ ، ٹراما سنٹر ، سول سنڈیمن اور مستونگ کے اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ آٹھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔


