مانگی ڈیم انتہائی اہم منصوبہ ،تکمیل سے کوئٹہ شہر میں پانی کا 80 فیصد مسئلہ حل ہو جائے گا،نگران وزیر پی ایچ ای

کوئٹہ(یو این اے )نگران صوبائی وزیر پی ایچ ای و بہبود آبادی سردار اعجاز احمد خان جعفر نے کہا ہے کہ مانگی ڈیم انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے کوئٹہ شہر میں پانی کا 80 فیصد مسئلہ حل ہو جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانگی ڈیم کے معائنے اور بریفنگ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مانگی ڈیم کے پروجیکٹ ڈائریکٹر زرک خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے نگران صوبائی وزیر پی ایچ ای نے کہا کہ اس وقت کوئٹہ شہر کو پانی کا مسئلہ درپیش ہے جس کا ہمیں بخوبی ادراک ہے اس ضمن میں ہر سطح پر اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کام کے معیار اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت کا مظاہرہ برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ صرف ڈیم بنانا مقصد نہیں بلکہ اسکا مستقبل میں خیال رکھنا بھی ضروری ہے اس ضمن میں جو بھی حائل رکاوٹیں ہیں انہیں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں نگراں صوبائی وزیر نے مانگی ڈیم کے حوالے سے سیکرٹری پی ایچ ای کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا جس میں ہرنائی سے بجلی لائن کی فراہمی ایس این ای اور دیگر اہم معاملات سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا قبل ازیں مانگی ڈیم کے پروجیکٹ ڈائریکٹر زرک احمد خان نے نگران صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ 13247.00 ملین کی خطیر لاگت سے وفاق و صوبائی حکومت کے باہمی اشتراک سے شروع کیا گیا منصوبہ ہے اس منصوبے پر کام کا اغاز مارچ 2017 میں کیا گیا ہے اور اب تک اس منصوبے پر 72 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے کوئٹہ شہر کو 81 لاکھ گیلن پانی روزانہ کی بنیاد پر فراہم ہو سکے گا اور یہ منصوبہ جون 2024 تک پایا تکمیل کو پہنچے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں