نمائندہ اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کیخلاف بیانیہ مسترد کردیا
رملہ(مانیٹرنگ ڈیسک)فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق فرانسسکا البانیز نے فلسطینیوں کے خلاف بنائے گئے بیانیے کو مسترد کردیا ہے۔ایک بیان میں فرانسسکا البانیز نے کہا کہ کسی بھی چیز سے پہلے میں اس بیانیے سے خوفزدہ ہوں، البتہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں دونوں کے ساتھ اخلاقی تعصب، اشتعال انگیزی یا تشدد کے مطالبے کا سہارا لیے بغیر کھڑے ہونا ممکن اور ضروری ہے۔فرانسسکا البانیز 16ماہ سے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ایک آزاد ماہر کے طور پر کردار ادا کر رہی ہیں جنہوں نے کہا کہ بے سہارا فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں اضافہ ایک ایسی چیز ہے جو چھ دہائیوں سے جاری ہے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ اسرائیلی تکلیف میں ہیں لیکن اسے فلسطینیوں پر دہائیوں سے مسلط کیے جانے والے ظلم و ستم کے تناظر میں رکھنے کی ضرورت ہے۔ فرانسسکا البانیز کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے فوجی، آباد کاروں اور نوآبادیاتی قبضے نے دونوں لوگوں کو پھنسا دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ سیاست دانوں اور پالیسی سازوں کو زیادہ تشدد کی وکالت کرنے یا کسی نہ کسی فریق کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے سفارتکاری اور امن کو تنازعات کے حل کے طریقوں کے طور پر استعمال کرتے ہوئے قانونی حیثیت اور احتساب کی بحالی کو ترجیح دینی چاہئے۔


