پاکستان اور چین سی پیک کی کامیابی کیلئے کام کرتے رہیں گے، انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد(آن لائن)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین سی پیک کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں،حکومت سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کےلئے چینی حکام کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔ تفصیل کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ اپنی سفارتی اسناد پیش کرنے کے بعد چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی نگران وزیر اعظم سے یہ پہلی ملاقات تھی۔نگران وزیراعظم نے چینی سفیر کو اسلام آباد میں سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر نگران وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے دونوں ممالک کے درمیان معیشت، تجارت اور ٹیکنالوجیکل تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور حکومت سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں کی تکمیل اور ان پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے چینی حکام کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ا وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم میں آزمودہ تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کے حامل منفرد تعلقات ہیں، دونوں ملک آئرن برادرز اور ایک دوسرے کے بااعتماد دوست ہیں۔ وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت اور وڑن بالخصوص بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور تکنیکی تعلقات کو بڑھانے میں سی پیک کومرکزیت حاصل ہے اور بی آر آئی کے فلیگ شپ منصوبے کے طور پر اس کے کردار کو اجاگر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں