وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور مشیران کے اثاثوں کی تفصیلات کا ریکارڈ مرتب، یار محمد رند سمیت 4نے جمع نہیں کروائیں

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے حکم پر کابینہ ڈویژن نے 17معاونین خصوصی اور مشیران کے اثاثوں کی تفصیلات کا ریکارڈ مرتب کرلیاہے جوکہ وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائیگا تاہم ابھی تک مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، معاونین خصوصی ندیم افضل چن اور یار محمد رند نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کروائیں۔ ذرائع کے مطابق دوہفتے قبل وفاقی کابینہ کے ہونے والے اجلاس میں کابینہ اراکین نے یہ معاملہ اٹھایا تھا کہ جس طرح وزراء اور اراکین پارلیمنٹ اپنے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرتے ہیں اس طرح مشیران اور معاونین خصوصی کو بھی اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کروانی چاہئیں تاکہ عوام کو پتہ چل سکے جس پر وزیراعظم نے کابینہ ڈویژن کو حکم دیا تھا کہ وہ ان کے مشیروں اور معاونین خصوصی کے اثاثوں کی تفصیلات مرتب کریں۔ ذرائع کے مطابق 13معاونین خصوصی اور 4مشیروں نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کروادی ہیں جو کہ اب کابینہ ڈویژن کے پاس سربمہر موجود ہیں اور ان تفصیلات کو کابینہ کے سامنے رکھا جائیگا اوروفاقی کابینہ فیصلہ کرے گی کہ آیا ان کے اثاثے مشتہر کئے جائیں یا نہیں دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ ندیم افضل چن اور یار محمد رند کے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کے پاس موجود ہیں جو کہ انہوں نے انتخاب لڑنے کیلئے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی تھیں یہ تفصیلات وہاں سے کابینہ ڈویژن حاصل کرے گا (صدیق ساجد)

اپنا تبصرہ بھیجیں