نارووال اسپورٹس سٹی کیس،احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائرنہ ہونےپرعدالت نیب پربرہم

نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں نیب کی احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کرنے میں ابھی تک ناکامی پرعدالت نے جواب طلب کیا اورنيب کی وجوہات مسترد کردیں۔عدالت نے تفصيلی جواب کیلئے20 جولائی تک کا وقت دے دیا۔ عدالت پیشی کے بعد احسن اقبال نےنیب اور حکومت پر کڑی تنقيد کی ہے۔

جمعہ کو احتساب عدالت نے لیگی رہنما احسن اقبال کیخلاف نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس دائر کرنے میں تاخیر پر نیب پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نےوجوہات سے متعلق قومی احتساب بیورو کا جواب مسترد کرتے ہوئے تفصیلی جواب مانگ لیا۔

دوران سماعت نیب نےاحسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے مزید مہلت مانگی،پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ دستاویزی ثبوت موجود ہیں،کچھ بزرگ شہری گواہان کرونا کےباعث پیش نہیں ہو رہے۔

احتساب عدالت کےجج محمد بشیر نے کہا کہ اس سارے معاملے کا حل کیا ہے،کیا اس کیس کو فارغ کردیں؟

اس موقع پر احسن اقبال خود بھی روسٹرم پر آگئے اورکہا کہ نیب تو بندے قبر سے نکال لیتا ہے،زندہ کیسے پیش نہیں ہو رہے۔

احتساب عدالت نے نیب کودوبارہ جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا 20 جولائی تک بتائیں ریفرنس فائل کیوں نہیں ہورہا ؟۔

سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ نیب نے جیل میں سوا 2 مہینے کس ثبوت کی بنیاد پرگرفتار کرکے رکھا،یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ نیب بغیرثبوت لوگوں کو گرفتار کرتا ہے اور حکومت کے انتقامی ایجنڈے پر عمل درآمد کرتا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں