تعلیم ایک آپشن نہیں بلکہ ضرورت ہے، آرمی چیف کی نسٹ کے سالانہ کانووکیشن میں شرکت
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے نسٹ کے سالانہ کانووکیشن میں شرکت کی۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طالب علموں کو اعزازات دیے، نسٹ کا سالانہ کانووکیشن یونیورسٹی کے مین کیمپس میں منعقد کیا گیا،چیئرمین نسٹ بورڈ آف گورنرز اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانووکیشن ویک میں بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کرنے والے طالب علموں کو ڈگریاں عطا کی گئیں،3500 طلبہ کو 7 مختلف ڈسپلنز میں ڈگریاں دی گئیں۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گریجوایٹس ،اُن کے والدین اور فیکلٹی کو دلی مبارکباد دی،پڑھانے اور سیکھنے کے لیے ایک سازگار ماحولیاتی نظام تیار کرنے پر نسٹ کی تعریف کی۔اس موقع پر آرمی چیف نےکہا کہ تعلیم ایک آپشن نہیں بلکہ ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آج طلباء کی زندگیوں میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے جو ایک اہم تبدیلی کی نوید دیتا ہے۔آرمی چیف نے ریمارکس دیئے کہ اب یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو درپیش چیلنجز کا پتہ لگائیں اور ان کا تجزیہ کریں اور ان کا حل تلاش کرنے کے لیے اپنی فکری وسائل کو بروئے کار لائیں۔


