غزہ پر اسرائیلی حملوں کیخلاف امریکی یہودیوں نے نیویارک ریلوے اسٹیشن بند کردیا، 200 مظاہرین گرفتار
نیویارک(صباح نیوز) غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج کرنے والے یہودی امریکیوں نے نیویارک کا مرکزی ریلوے اسٹیشن بند کردیا، نیویارک پولیس نے 200 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق سیکڑوں امریکی یہودیوں نے نیویارک میں واقع دنیا کے سب سے بڑے اور ملک کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر جمع ہو کر غزہ میں جاری اسرائیلی دہشتگردی کے خلاف مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ مظاہرین کے دھرنے کے باعث ریلوے اسٹیشن بند ہوگیا اور ٹرینوں کی آمد ورفت میں خلل پڑا۔ نیویارک پولیس نے 200 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ میرے نام پرنہیں لکھی عبارت والی ایک جیسی شرٹس پہنے یہودی مظاہرین نے فلسطینیوں کے لیے آزادی کے خلاف نعرے لگائے اور غزہ پر حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔ نیویارک ریلوے اسٹیشن پر دھرنے اور مظاہرین کی گرفتار کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔


