لیول پلیئنگ فلیڈ 2018 میں ن لیگ کو نہیں ملی تھی، احسن اقبال

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کو 2017 میں سازش کے ذریعے اقتدار سے نکالا گیا، لیول پلیئنگ فلیڈ 2018 میں مسلم لیگ ن کو نہیں ملی تھی۔ لاہور جوہر ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتے گی، الیکشن وقت پر ہی ہونے چاہئیں تاکہ معاشی استحکام آئے۔ اس کے علاوہ لاہور میں ہی احسن اقبال نے تقریب میں انجینئرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خسارے میں چلنے والے ادارے سالانہ 2 ارب ڈالر کھا جاتے ہیں، ملکی معیشت کو اس وقت توانائی بحران کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکرگڑھ میں ایک سڑک تعمیر کے فوری بعد اکھڑ گئی، سڑک کی تعمیر میں سیمنٹ کی جگہ مٹی ڈالی گئی، انجینئرز ہی ملک کو ہر قسم کے بحران سے نکال سکتے ہیں۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ انتظامی ڈھانچے کو یکسر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، انتظامی ڈھانچے میں پروفیشنل لوگوں کو آگے لانا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں