پرویز الٰہی سے41لاکھ روپے ریکور کرلئے،پولیس، بالکل جھوٹ ،صدر پی ٹی آئی

لاہور ( این این آئی) عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کردی۔سابق وزیراعلی پنجاب کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد لاہور ضلع کچہری میں پیش کیا گیا ، جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے کیس کی سماعت کی ، دوران سماعت وکیل پرویز الٰہی نے کہا کہ اینٹی کرپشن والے چودھری پرویز الٰہی کے گھر کب اور کتنے بجے گئے ہیں ، جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ ضمنی میں سب کچھ تحریر کیا ہوا ہے۔ وکیل پرویز الٰہی نے کہا کہ ضمنی میں وقت کا ذکر نہیں اور تھانے سے روانگی کا ذکربھی نہیں کیا گیا ہے ، وکیل اینٹی کرپشن نے عدالت کوبتایا کہ پرویز الٰہی سے جسمانی ریمانڈ میں 41 لاکھ روپے ریکور کیے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی نے لاہور کی مقامی عدالت میں سیشن جج عمران عابد کے روبرو اپنے بیان میں کہا ہے کہ چھ ماہ سے میں ان کے جھوٹے کیسوں کا سامنا کر رہا ہوں، ساری زندگی میں نے یا میرے خاندان نے کبھی اس طرح کے غلط کام نہیں کیے، میں اللہ کے فضل سے ایک دمڑی کا روادار نہیں، یہ شہبازشریف والی دمڑی نہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے معزز عدالت کو بتایا کہ رات کو ایک بندہ میرے پاس آتا ہے اور کہتا ہے کہ آپ سے 41 لاکھ روپے کی ریکوری کی ہے، میں آپ کے سامنے حلفاً اقرار کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھ سے کوئی ریکوری نہیں کی، میں ساری رات ان کے پاس رہا ایک سیکنڈ کیلئے بھی باہر نہیں گیا، اگر میں اس طرح کے کام کرتا ہوتا تو میں آج اس مقام پر نہ ہوتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں