غزہ میں تباہ کن صورتحال ،ہر روز بچے مر رہے ہیں،ہمیں اس سے کہیں زیادہ امداد کی ضرورت ہے، یونیسیف
نیویارک(صباح نیوز)اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے کہا ہے اسرائیل کے حملوں میں غزہ میں بچے ایک تباہ کن صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں جنگ کے باعث تباہ کن صورتحال ہے اور ایسے میں بچوں کو فراہم کرنے کے لیے نمکین پانی ہی دستیاب ہے۔ یونیسیف نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر پانی کی کمی غیر معمولی حد تک پہنچ گئی ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ غمہ کا رہائشی ان کا ایک سٹاف ممبر بھی اپنے بچوں کو زندہ رکھنے کے لیے جدوجہد کرنے والوں میں شامل ہے جس نے بتایا ہے کہ وہ خود اور اس کے بچے نمکین پانی پینے پر مجبور ہیں، یونیسیف کے مطابق سٹاف ممبر کا بچہ مسلسل پوچھ رہا ہے کہ وہ پہلے کی طرح "نارمل” پانی کیوں نہیں پیتے!یونیسیف کے ترجمان ٹوبی فریکر نے کہا کہ امداد غمہ کی پٹی میں داخل تو ہو رہی ہے، لیکن یہ سب سے نچلی سطح پر ہے، اور جب ہم زمینی صورتحال کو دیکھتے ہیں، تو ہمیں بخوبی معلوم ہوتا ہے کہ ہمیں اس سے کہیں زیادہ امداد کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مزید کہا، ہمیں فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے۔ ہر روز بچے مر رہے ہیں۔ ہمیں قتل کو روکنا چاہیے اور بچوں کے زندگی کے حق کا تحفظ کرنا چاہیے۔


