خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان انتقال کرگئے
پشاور (انتخاب نیوز) خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان 90 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ اعظم خان کو گزشتہ رات 10 بجے اسپتال منتقل کیا گیا، جب انہیں منتقل کیا گیا انکی طبیعت کافی ناساز تھی جبکہ چار دن سے انہیں ڈائریا اور الٹی کی شکایت تھی۔ اسپتال ترجمان نے بتایا کہ رات کو ہی ان کا سٹی اسکین اور تمام ٹیسٹ کیے گئے جس سے معلوم ہوا ان کو ہرنیا ہے، جس کے آپریشن کے بارے میں آج فیصلہ ہونا تھا تاہم آج اچانک 9 بجے ان کو دورہ پڑا جس کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔ اسپتال ذرائع کا بتانا ہے کہ اعظم خان کی دو روز قبل حالت غیر ہوئی تھی جس پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم ان کے اہل خانہ اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے اس بات کی تصدیق نہیں کی۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اعظم خان نے نگراں صوبائی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کیا تھا تاہم وہ طبیعت خرابی کے باعث اس میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔ انہوں نے سوگوران میں 2 بیٹے اور ایک بیوہ چھوڑے ہیں، اعظم خان کا جسد خاکی چارسدہ کے لئے روانہ کردیا گیا، ان کی نماز جنازہ آبائی گاﺅں پڑانگ چارسدہ میں آج ساڑھے تین بجے ادا کی جائے گی۔


