شمالی تنزانیہ میں موسلادھار بارشیں،سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ، 47 افراد ہلاک، 85 زخمی
ڈوڈوما(صباح نیوز) شمالی تنزانیہ میں شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 47افراد ہلاک اور 85زخمی ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب تنزانیہ کی صدر نے لوگوں کو بچانے کے لیے مزید اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا کہ ہم اس واقعے سے بہت حیران ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلعی کمشنر جینتھ مایانجا نے اپنے بیان میں بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث دارالحکومت ڈوڈوما سے تقریبا 300کلومیٹر شمال میں واقع شہر کاٹیش شدید متاثر ہوا ہے۔ کمشنر جینتھ مایانجا نے مزید کہا کہ شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے علاقے کی کئی سڑکیں کیچڑ، پتھروں اور اکھڑے ہوئے درختوں کی وجہ سے بند ہوگئی ہیں۔ مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تنزانیہ کے شمالی علاقے مانیارا میں علاقائی کمشنر ملکہ سینڈیگا نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 47اموات اور 85افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی اور ساتھ ہی خبردار کیا کہ اموات میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب تنزانیہ کی صدر نے لوگوں کو بچانے کے لیے مزید اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا کہ ہم اس واقعے سے بہت حیران ہیں۔ واضح رہے کہ مشرقی افریقا غیر معمولی خشک سالی کا سامنا کرنے کے بعد، گزشتہ کئی ہفتوں سے طوفانی بارشوں اور سیلاب کی زد میں ہے جو ایل نینو موسمی رجحان سے منسلک ہے۔


