مجھے کسی ادارے نے تنگ نہیں کیا، صرف 40 دن کا چلہ کاٹا، شیخ رشید
راولپنڈی(صباح نیوز)سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مجھے کسی ادارے نے تنگ نہیں کیا، صرف 40 دن کا چلہ کاٹا،اداروں کا احترام سب پر لازم ہے، میں نے چلے کے بعد کوئی ٹوئٹ بھی نہیں کیا۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اگست 2023 میں پنجاب حکومت نے بتایا تھا کہ میرے خلاف کوئی کیس نہیں، اب میرے خلاف عدالت میں 10 مقدمات کی تفصیل جمع کرائی گئی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چلے کے بعد ٹویٹ کرنا بھی چھوڑ دیا، صرف اخبار پڑھتا ہوں، میرے ساتھ کسی نے کوئی زبردستی نہیں کی، میں نے کسی کے خلاف شہادت نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے بیان پر اعتماد رکھنا چاہیے کہ 8فروری کو الیکشن ہوں گے، ابھی کوئی انتخابی مہم نہیں چلا رہا جس دن الیکشن شیڈول آگیا انتخابی مہم شروع کر دوں گا، الیکشن نہ ہوئے تو پرانی تنخواہ پر کام کریں گے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے پنڈی کے دونوں حلقوں میں کام کیا ہے، حلقہ 56 اور 57 سے قلم دوات کے نشان پر الیکشن لڑوں گا، اداوں کا احترام سب پر لازم ہے، سب کو ساتھ لے کر اور امن سے چلنا ہے۔


