لیول پلیئنگ فیلڈ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر
اسلام آباد (صباح نیوز)آئندہ انتخابات کے حوالے سے لیول پلیئنگ فیلڈ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔پی ٹی آئی کی درخواست میں الزام لگایا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود پی ٹی آئی امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا گیا، صوبائی الیکشن کمشنر کے متعدد خطوط لکھے لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔درخواست میں پی ٹی آئی نے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ 22 دسمبر کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے، پی ٹی آئی امیدواروں اور رہنمائوں کو گرفتاریوں اور ہراساں کرنے سے روکا جائے۔اس میں استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم عدولی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، پی ٹی آئی امیدواروں کو ریلیوں اور جلسوں کی اجازت دی جائے۔پی ٹی آئی نے توہین عدالت کی درخواست پر فوری سماعت کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔درخواست میں چاروں چیف سیکرٹریز، آئی جیز کے علاوہ سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنایا گیا ۔واضح رہے کہ 22 دسمبر کو سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواست کو نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تمام شکایات پر فوری ایکشن لے کر انہیں حل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔


