اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈائون جاری، اربوں روپے کا غیرقانونی سامان برآمد

کراچی،پشاور(صباح نیوز) حکومت کی جانب سے اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے ،اربوں روپے کا غیرقانونی سامان برآمد کر لیا گیا ۔حکام کے مطابق 17 تا 26 دسمبر کے دوران ایرانی تیل، کھاد، سگریٹ، کپڑا اور چینی برآمد کی گئی، اس دوران 5.90 میٹرک ٹن چینی، 124.29 میٹرک ٹن کھاد، 14928 سگریٹ کے سٹاکس جبکہ 479 کپڑے کے تھان اور 2.16 ملین لٹرایرانی تیل برآمد کیا گیا۔اس کے علاوہ ملتان سے 29.48 میٹرک ٹن اور کراچی سے 94.80 میٹرک ٹن سمگل شدہ کھاد برآمد کی گئی، پشاور سے 0.68 میٹرک ٹن اور کوئٹہ سے 5.21 میٹرک ٹن چینی برآمد کی۔حکام نے بتایا کہ سمگل شدہ کپڑے میں کراچی سے 147 جب کہ کوئٹہ سے 332 تھان برآمد کر لئے گئے، سمگل شدہ سگریٹ میں ملتان سے 560، کراچی سے 9540اور کوئٹہ سے 4828 سٹاکس ضبط ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یکم ستمبر سے اب تک حکومتی کریک ڈان میں 9225.79میڑک ٹن چینی، 202 میٹرک ٹن آٹا، 2660.87 میٹرک ٹن کھاد، سگریٹ کے 187395 اسٹاکس، کپڑے کے 15414 تھان اور 2.16 ملین لٹرایرانی تیل برآمد کیا گیا۔یکم ستمبر سے اب تک ذخیرہ اندوزوں کے خلاف 158 موثر آپریشنز کیے گئے جس میں 17028.61 میٹرک ٹن کھاد، 2401.2 میٹرک ٹن آٹا اور 7273.10 میٹرک ٹن چینی بھی برآمد کی جا چکی ہے۔حکام نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں